23 ستمبر 2016 - 21:49
ایران اور امریکہ کے وزرائے خارجہ کی ملاقات

جامع ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے ایران اور امریکہ کے وزرائے خارجہ نے نیویارک میں ایک دوسرے سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے پہلے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی اس مختصر ملاقات میں جامع ایکشن پلان پر موثر طریقے سے علمدرآمد کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔ 

قبل ازیں ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے پہلے مشترکہ کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جامع ایٹمی معاہدے کے فریق ملکوں کے وزرائے خارجہ شریک تھے۔

ایران کی اپیل پر ہونے والے اس اجلاس میں بعض مغربی ملکوں کی جانب سے جامع ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد میں کوتاہی برتنے کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔

ایران کا کہنا ہے کہ مغربی ملکوں کی جانب سے دنیا کے بڑے بینکوں کو اس کے ساتھ لین دین کے لیے ضروری ضمانتیں فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

ایران پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ جب تک بینکاری اور بیمے سے متعلق بعض مشکلات حل نہیں ہوجاتیں اس وقت تک یہ نہیں کہا جاسکتا کہ فریق مقابل نے جامع ایٹمی معاہدے کے تحت اپنے وعدے پورے کردیئے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169